پچھلے دنوں میرا ایک دوست لندن سے آیا ، وہ وہاں ایک وکیل ہے اور کافی امیر ہے ، میرا بھی بہت چاہنے والا ہے ۔ اُنھوں نے مجھے بحریہ ٹاون کے ایک ہوٹل میں کھانے پر بلایا ، کھانے پر ایک سپریم کورٹ کا حاضر سروس جج بھی تھا ۔ جج صاحب بھلے آدمی معلوم ہوتے تھے مگر مکان اور پراپرٹی کی باتیں زیادہ کیں ۔ جب مَیں نے اُنھیں عدالتی نظام کی طرف متوجہ کیا کہ بہت ظلم ہوتا ہے اور جان بوجھ کر ملزم یا مجرم کی پشت پناہی کی جاتی ہے تو اُنھوں نے ایک ہی بات کر کے اپنی جان چھڑا لی کہ قانون میں ملزم کی حمایت میں بہت گنجائش ہے ۔ اِس لیے مدعی کا ذلیل ہونا واجب ہو چکا ہے۔ مَیں نے پوچھا یہ گنجائش کون دُور کرے گا ، وہ بولے پارلیمنٹ ، اتنا کہہ کر پھر پراپرٹی اور پلاٹ اور فارم ہاوس کی بات پر آ گئے
۔
میرے ایک دوست ڈاکٹر مرزا ظفر صاحب ہیں ، پچھلے دنوں وزیر ِ صحت بھی رہے ہیں ۔ حال ہی میں فارغ ہوئے ہیں ، آج کل گھر بنانے کا سوچ رہے ہیں لیکن اُن کو اگر کہیں پلاٹ پسند آتا ہے تو وہ مہنگا ہوتا ہے اور جو سستا ہوتا ہے وہ انتہائی بے تُکا ہوتا ہے ۔ ایک دن اُنھوں نے بتایا ناطق صاحب مَیں پندرہ مہینے وزیر صحت رہا ہوں اور اِن پندرہ مہینوں میں پانچ سیکرٹری بدلے ہیں اور ایک کو ویسے ہی فارغ کیا مگر مجال ہے یہ لوگ کام کرنے کا سوچتے بھی ہوں ۔ ہرگز عوام سے اور اپنے کام سے اِن کو ذرا برابر غرض نہیں ۔ مَیں نے کہا پھر کیا کرتے ہیں ْ وہ بولے آفس میں بیٹھ کر ہر وقت پراپرٹی ڈیلنگ کرتے ہیں ، اچھی اے سی آر لکھوانے کی کوشش کرتے ہیں ، امریکہ میں سیٹلمنٹ کے پروگرام بناتے ہیں ، ہاوسنگ سوسائٹیوں میں شئر ہولڈرز بننے کے پلان ترتیب دیتے ہیں ۔ یا پھر خود اپنی ہاوسنگ سوسائٹیاں بناتے ہیں ۔
اب سُنیے اسلام آباد کے ارد گرد ہزاروں ہاوسنگ سوسائٹیاں ہیں ۔ اور یہ کون لوگ چلا رہے ہیں اور پلاٹوں کی خریدوفروخت میں کون کون ملوث ہیں۔
آئی بی کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس آفیسرز
ڈی ایم جی کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس آفیسرز
نیول کے
ایف آئی اے کے
ریٹائرڈ اور حاضر سروس ججز
جرنیل
عام بیوروکریٹ
آئی جی لیول کے پولیس افیسرز
باقی بڑے بڑے ہاتھیوں کو تو آپ جانتے ہی ہیں
تو میاں بھائی لوگو
یہ ملک اس وقت پراپرٹی ڈیلروں کے ہاتھ میں ہے
چنانچہ آپ کی جیبوں سے جو پیسے مہنگائی کی شکل میں نکالے جاتے ہیں وہ اِن کی سوسائیٹیوں اور پلاٹوں کی بُکنک کے کام آتے ہیں ۔ سب کالا دھن یہیں سفید ہوتا ہے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here