خانیوال (نیوز ڈیسک )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں بھی ضلعی انتظامیہ کے زیر سرپرستی یوم یکجہتی کشمیر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ،تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور دور دراز علاقوں میں بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔
ضلع بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پر مرکزی سیمینار ڈسٹرکٹ جناح لائبریری ہال میں منعقد ہواجس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی تھے سیمینار کی صدارت ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم مہمان اعزاز تھے۔سیمینار میں اراکین صوبائی اسمبلی فیصل اکرم خان نیازی ،ملکہ شاہدہ احمد حیات ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اختر منڈھیرا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اکرام ملک ،سرکاری افسران و ملازمین ،ممبران ضلعی امن کمیٹی،علماء کرام ،وکلاء ،صحافیوں ،سول سوسائٹی کی شخصیات سمیت معاشرہ کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار کے آغاز پر شہداء کشمیر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔

صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یک جان ہیں مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے لیے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کریے حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں عالمی سطح پر کشمیریوں کا مسئلہ اجاگر کر رہی ہے جنیوا مذاکرات میں کشمیر کی قرارداد پیش ہونا کامیابی کی نوید ہے کشمیری عوام بہت جلد آزادی کی خوشخبری سنیں گے انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے ۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ کشمیری اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں پوری پاکستانی قوم کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں پاکستانی عوام کشمیر کے مسئلہ پر متحد اور بھارت کی طرف سے جاری ظالمانہ کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم نے کہا کہ بھارت ظلم و بربریت کے باوجود کشمیری نوجوانوں کو نہیں ہرا سکا ۔ایم پی اے ملکہ شاہدہ احمد حیات نے کہا کہ بھارت کشمیری گھریلو خواتین کی عصمت دری اور معصوم بچوں سے درندگی کے سلوک کو فوری بند کرے ورنہ اس کو برا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ایم پی اے فیصل اکرم خان نیازی نے کہا کہ کشمیر کمیٹی پاکستان کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے تمام دنیا کو قائل کر رہی ہے آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اس بارے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا ۔ممبر ضلعی امن کمیٹی قاری سیف اللہ عابد نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا واحد حل جہاد ہے ۔سیمینار سے مہر اکرم ہراج نے بھی خطاب کیا جبکہ سکولوں کے طلباء و طالبات نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے آخر میں کشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے سنے گئے سیمینار کے اختتام پر پاکستان کے استحکام ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی قیادت اور ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی ،ڈی پی او محمد علی وسیم ،ایم پی ایز فیصل اکرم خان نیازی ،ملکہ شاہدہ احمد حیات کی ہمراہی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔شرکائے ریلی نے کشمیر بنے گا پاکستان ،کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ ،کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی ،بھارت کی بربادی تک جنگ رہے گی اور اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔دریں اثناء تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر اسسٹنٹ کمشنرز اور سرکاری محکموں کے سربراہان کی نگرانی میں سیمینارز اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here