ان کے جانے سے علمی اور ادبی فضا کا سوگوار ہونا فطری ہے۔ اس لیے نہیں کہ وہ ادب کے استاد تھے ،علمی کام کرنے میں منہمک رہتے تھے۔ حالانکہ یہ بھی ایک وجہ ہے، لیکن اس سے بڑی وجہ ان کی شخصیت کا کھلاپن، خلوص اور شفقت ہے۔ نئے اور پرانے لکھنے والوں سے ان کا رابطہ اور ادبی مباحث میں ان کا متوازن رویہ تھا۔ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ نئے لکھنے والوں کے تحت ان کا رویہ شفقت اور محبت سے پر تھا۔ وہ ان موشگافیوں کی متلاشی نہیں تھے جو ہر تحریر میں موجود ہوتی ہیں اور جنھیں جواز بنا کر تضحیک یا تحقیر کا راستہ ہموار کیا جائے۔ بلکہ وہ ان خوبیوں کی نشان دہی کرنے میں دلچسپی لیتے جو ایک لکھنے والے کو دوسروں سے الگ ثابت کرتی ہیں۔ میری ان سے دوستی روحزن کی پاکستان میں اشاعت کے بعد ہوئی۔ ان کی عنایت سے اس ناول پر ایک کام بھی وہاں ہوا۔ پھر رابطہ مستحکم ہوا اور ایک شفیق بزرگ کی طرح وہ میری ادبی سرگرمیوں کے متعلق فکر مند نظرآئے ۔ سبھی جانتے ہیں، ان کے انتقال سے چند روز پہلے میرے پانچوں ناول ان کے مطالعے کا حصہ تھے ، بشمول زندیق۔ اس ناول میں ان کی دلچسپی کچھ زیادہ تھی، اس خطے کی تزویراتی اور سیاسی صورت حال کا مستقبل کیا ہے ، اس میں ان کی بھی دلچسی تھی۔ وہ ناول کے متن کی ایک الگ تعبیر کرنا چاہتے تھے۔ جو آخری پیغام انھوں نے لکھا، اس میں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ یا وہ تمام ناولوں پر ایک ساتھ لکھیں گے یا پانچوں پر الگ الگ۔۔۔ میں نے شکریہ لکھ بھیجا۔ یہاں وہ یہ بھی جانتے تھے کہ ناول کی غیر معمولی پذیرائی سے دو تین لوگ نالاں ہیں اور وہ باتیں کر رہے ہیں جن کا متن سے کوئی تعلق نہیں۔ مجھے وہ اس بابت پہلے کہہ چکے تھے کہ نادان لوگوں کی باتوں پر دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے خود کچھ بھی ایسا نہیںلکھا ہے جس پر توجہ دی جائے اور فن کی باریکیوں سے آگاہ تک نہیں ہیں۔ میں نے حسبِ عادت مسکراہٹ کا اظہار کیا کیونکہ یوں بھی میں ان باتوں پر توجہ دینے کا عادی نہیں ہوں۔ ان نجی باتوں کو یہاں لکھنے کا ایک مقصد یہ ہے کہ وہ اسی طرح ہم سبھی سے ایک خاص تعلق رکھتے تھے اور ہماری زندگی میں ان کا ایک اہم کردار تھا اور یہی وجہ ہے ان کی ناگہانی موت سے ہم شدید اذیت سےدوچار ہوئے ہیں۔ عالم فاضل تو بہت لوگ ہوتے ہیں لیکن علم کے ساتھ انکساری، محبت اور اپنے پن کی دولت اللہ سب کو عطا نہیں کرتا۔ اللہ ان کے درجات بلند کرےاور اپنی رحمت کی آغوش میں ان کی روح کو رکھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here