بوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز جاری ہے۔

اس وقت کریز پر نیتھن لائن اور مچل سٹارک موجود ہیں اور اب سے کچھ دیر پہلے آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے ہیں۔

آسٹریلیا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 154 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بدھ کو آسٹریلیا نے 20 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شان مارش تھے جو صرف تین رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سلپ میں حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

عباس نے ہی پاکستان کو چوتھی کامیابی دلوائی جب انھوں نے مارش کی جگہ آنے والے ٹریوس ہیڈ کو اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ انھوں نے 14 رنز بنائے۔

یاسر شاہ نے مچل مارش کو آؤٹ کر کے اننگز میں پہلی اور پاکستان کے لیے پانچویں وکٹ لی۔ مارش سلپ میں کیچ ہوئے۔

بلال آصف نے پاکستان کو چھٹی کامیابی ایرون فنچ کو آؤٹ کر کے دلائی۔ وہ 39 رنز بنا کر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے اننگز شروع کی تو محمد عباس نے ابتدا میں ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی جب انھوں نے عثمان خواجہ کو تین کے انفرادی سکور پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔

پہلے دن کے آخری اوور میں محمد عباس نے نائٹ واچ مین پیٹر سڈل کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، انھوں نے چار رنز بنائے۔ امپائر نے انھیں آؤٹ نہیں دیا تھا تاہم پاکستان کی جانب سے ریویو لینے پر تھرڈ امپائر نے انھیں آؤٹ قرار دیا

منگل کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ اس وقت مہنگا ثابت ہوا جب پہلے ہی سیشن میں پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

تاہم دوسرے سیشن میں فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کی محتاط بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم مشکل صورتحال سے کچھ حد تک نکلنے میں کامیاب ہوئی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز دو میچوں پر مشتمل ہے۔ دبئی میں کھیلا جانے والے پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہو گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here